کراچی میں رینجرز سے مقابلے میں ہلاک دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی

ویب ڈیسک  منگل 25 اپريل 2017

 کراچی: اردو بازار میں گزشتہ رات ہلاک ہونے والے تمام دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق فلیٹ کے مالک محمد حفیظ نے ڈھائی ماہ قبل مشکوک افراد کو فلیٹ کرائے پر دیا تھا اور کرایہ داری ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن میں اندراج بھی نہیں کرایا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد نعیم کا تعلق پشین سے تھا جس نے اپنی بیوی کے علاج کے نام پرفلیٹ میں رہائش اختیارکی تھی جب کہ مقابلے کے دوران دھماکہ خیزمواد پھٹنے سے نعیم اپنی بیوی اور 5سال کی بچی سمیت مارا گیا۔ دوسرے دہشت گرد کی شناخت زاہد اور تیسرے کی  حمید کے نام سے ہوئی ہے، فلیٹ کا مالک محمد حفیظ چائے کے ہوٹل کا مالک بھی ہے اور مارے گئے دہشت گرد نعیم کا ماموں زاد بھائی بتایا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : اردو بازارمیں رینجرز کا آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک

انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور جنداللہ سے تھا جو اہم تنصیبات کی ریکی کرتے تھے۔ فرانزک ٹیم نے فلیٹ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ  ڈی آئی جی کراچی جنوبی  آزاد خان اور ایس ایس پی کراچی جنوبی نے بھی فلیٹ کا دورہ کیا۔ تفتیشی اداروں نے ہلاک دہشت گردوں کے زیراستعمال ٹیکسی کو بھی قبضے میں لے لیا ہے جب کہ کوئٹہ اور پشاور سے بھی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : رینجرز کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک

واضح رہے کہ رینجرز نے گذشتہ رات گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر اردو بازار میں فلیٹ میں آپریشن کیا تھا جس میں خاتون سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔