88فیصد ٹرن آئوٹ: الیکشن کمیشن کی آگاہی مہم شروع

 پير 21 جنوری 2013
شرح میں 100فیصد اضافے کیلیے اپنا کردار ادا کریں، الیکشن کمیشن کے تمام بڑی پارٹیوں کو خطوط

شرح میں 100فیصد اضافے کیلیے اپنا کردار ادا کریں، الیکشن کمیشن کے تمام بڑی پارٹیوں کو خطوط

اسلام آباد: پاکستان میں آئندہ عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی ریکارڈ 88فیصد شرح کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن نے عالمی اداروں کی مالی معاونت سے عوامی آگاہی مہم شروع کردی ہے۔

الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکریٹری افضل خان نے وائس آف امریکا کو بتایا کہ 2008 کے عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح44 فیصد تھی جبکہ الیکشن کمیشن نے2013 کے انتخابات کیلیے88فیصد ٹرن آئوٹ کا ہدف مقرر کیا ہے۔ عوام میں ووٹ ڈالنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی مہم میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے یو این ڈی پی نے2لاکھ امریکی ڈالر مختص کیے ہیں اور انٹرنیشنل فائونڈیشن آف الیکٹرول ریفارمز(آئی ایف ای آر)نے بھی مالی معاونت کا وعدہ کیا جبکہ الیکشن کمیشن نے یو ایس ایڈ، یورپی یونین، سیڈا اور دیگر ممالک کے امدادی اداروں کو بھی اس مقصد کیلئے مالی معاونت کی فراہمی کیلئے خطوط لکھے ہیں۔

15

افضل خان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کو بھی خطوط لکھے ہیں کہ ووٹ ڈالنے کی شرح میں100فیصد اضافے کیلیے اپنا کردار ادا کریں، وزارت پانی وبجلی اور وزارت پٹرولیم سے بھی بات چیت مکمل کرلی ہے اور عام انتخابات تک بجلی اور گیس کے بلوں کے ذریعے بھی الیکشن کمیشن کا پیغام عوام تک پہنچا جائیگا۔ الیکشن کمیشن ملک بھر میں یونین کونسل کی سطح تک خصوصی پروگراموں کا انعقاد کرے گا جس میں سول سوسائٹی، وکلا، صحافتی تنظیموں اور تمام مکتبہ فکرکے مذہبی رہنمائوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ ان کے ذریعے رائے دہندگان کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔