نجم سیٹھی کے بدستور قانونی مسائل میں الجھنے کا خدشہ

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 9 اگست 2017
طارق اسد ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نجم سیٹھی کی گورننگ بورڈ میں نامزدگی کو چیلنج کررکھا ہے ۔ فوٹو: فائل

طارق اسد ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نجم سیٹھی کی گورننگ بورڈ میں نامزدگی کو چیلنج کررکھا ہے ۔ فوٹو: فائل

 لاہور: چیئرمین بننے کے بعد بھی نجم سیٹھی قانونی مسائل میں الجھ سکتے ہیں، جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک کیس کے سلسلے میں پیش رفت ہوگی، بدھ کو نئی درخواست بھی جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔

ذکا اشرف سے طویل عدالتی محاذ آرائی کے باوجود نجم سیٹھی 2014میں چیئرمین پی سی بی نہیں بن پائے اور مسند شہریار خان نے سنبھال لی تھی، اب بدھ کو الیکشن میں انھیں بورڈ کا سربراہ بنائے جانے کیلیے تیاریاں مکمل ہیں۔ دوسری جانب عہدہ سنبھالنے کے باوجود نجم سیٹھی کیخلاف عدالتی محاذ کھولے جانے کے امکانات رد نہیں کیے جا سکتے، طارق اسد ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ان کی گورننگ بورڈ میں نامزدگی کو چیلنج کررکھا ہے،اس کیس کی سماعت جمعرات کو ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ایک خاتون ایڈووکیٹ کلثوم اختر نے بھی نجم سیٹھی کی نامزدگی کو چیلنج کرنے کیلیے درخواست تیار کررکھی ہے جو بدھ کو عدالت میں جمع کرائی جائے گی، اس میں موقف اختیار کیا گیاکہ شہریار خان کے عہدے کی 3سالہ مدت 17اگست کو ختم ہونا تھی لیکن قبل از وقت الیکشن کمشنر اور عبوری چیئرمین کا تقرر کردیا گیا، طریقہ کار کے مطابق انھیں شہریار خان کا دور ختم ہونے پر مقرر کیا جانا چاہیے تھا، اس کے بعد 30دن میں نئے انتخابات ہوتے لیکن سب کام جلد بازی میں مکمل کیے گئے، دوسرا اعتراض یہ اٹھایا گیاکہ نواز شریف نے نااہل قرار دیے جانے سے قبل نئے گورننگ بورڈ میں نامزدگیوں کے ایسے فیصلے کیے جن کا اطلاق 6اگست کے بعد ہونا تھا، اب وہ وزیر اعظم نہیں رہے تو قبل ازوقت کیے جانے والے فیصلے کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔