کوئٹہ؛ ہرنائی کوئلہ کان حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی

ویب ڈیسک  اتوار 22 اکتوبر 2017
ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا اور حادثے کی تحقیقات کیلیے ٹیم جلد تشکیل دی جائے گی، مائنز انسپکٹر۔ فوٹو: فائل

ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا اور حادثے کی تحقیقات کیلیے ٹیم جلد تشکیل دی جائے گی، مائنز انسپکٹر۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ: ہرنائی میں کوئلہ کان حادثے میں جاں بحق مزید 2 کانکنوں کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

مائنز انسپکٹر عاطف علی کے مطابق اب تک 8 مزدوروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ دو کانکنوں کو زخمی حالت میں بچایا گیا ہے۔ لاشیں نکالنے کے بعد کوئلہ کان میں ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور حادثے کی تحقیقات کیلیے ٹیم جلد تشکیل دی جائے گی۔

حکام نے میتیں ورثا کےحوالے کردی ہیں اور جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔ گذشتہ روز 6 کانکنوں کی لاشیں ان کے آبائی علاقے دیر بالا روانہ کی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ دو روزقبل ضلع ہرنائی میں کوئلہ کان منہدم ہونے سے 10 کان کن پھنس گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔