غیرقانونی پارکنگ کرنیوالوں کو گرفتار کرلیا جائے، ایڈیشنل آئی جی کراچی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 25 جولائی 2014
شاپنگ سینٹروں کے اطراف میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے،غلام قادر تھیبو۔ فوٹو: فائل

شاپنگ سینٹروں کے اطراف میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے،غلام قادر تھیبو۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہر میں غیرقانونی چارجڈ پارکنگ میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کے علاوہ مختلف مارکیٹوں، بازاروں، شاپنگ سینٹروں کے باہر قانونی پارکنگ لاٹس پر شہریوں سے زائد رقوم وصول کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

یہ بات ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے پولیس حکام کو ایک مکتوب میں کہی ، انھوں نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا اور شاپنگ سینٹروں کے باہر قائم غیر قانونی چارجڈ پارکنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے، گزرگاہوں پر اکثریت میں قائم ایسے پارکنگ لاٹس سے حکومت سندھ کو ریونیو کی مد میں نقصان پہنچ رہا ہے، ایسے عناصر کو گرفتار کرکے ان کے چالان متعلقہ عدالتوں میں پیش کیے جائیں۔

غیر قانونی چارجڈ پارکنگ مافیا کے ساتھ شہریوں سے زائد رقم وصول کرنے والے قانونی پارکنگ عملے کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی میں رعایت نہ برتی جائے، عیدالفطر کی خریداری کے حوالے سے شاپنگ سینٹروں اور تجارتی مراکز کے اطراف میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔