کے الیکٹرک نے کراچی میں عید کا مزا کِرکرا کردیا، شہری پانی کو بھی ترس گئے

ویب ڈیسک  بدھ 30 جولائی 2014
واٹربورڈ نے شہریوں کو پانی جیسی نعمت سے محروم رکھا ہوا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فوٹو؛فائل

واٹربورڈ نے شہریوں کو پانی جیسی نعمت سے محروم رکھا ہوا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فوٹو؛فائل

کراچی: شہر قائد میں عید کے دوسرے روز بھی عوام پانی اور بجلی سے محروم ہیں، کے الیکٹرک نے فنی خرابی کا دھونگ رچا کر شہریوں کی عید کا مزا ہی کِرکرا کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عید الفطر کے دوسرے روز بھی کراچی کے متعدد علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جسے کے الیکٹرک کی جانب سے کسی نہ کسی فالٹ کا نام دیا جارہا ہے۔ پہلے دن کے بعد کے الیکٹرک عید کے دوسرے روز بھی شہریوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کا وعدہ وفا نہ کرسکی۔

عید کے موقع پر بجلی کے ستائے شہریوں کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ سے عید کے رنگ پھیکے پڑگئے ہیں۔ نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، کورنگی، منظورکالونی، شاہ فیصل اور اخترکالونی سمیت کراچی کے کئی علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب واٹربورڈ نے شہریوں کو پانی جیسی نعمت سے محروم رکھا ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہائیڈرنٹس پر پانی وافر مقدار میں دیا جارہا ہے جب کہ ماہانہ بلوں کی ادائیگی کے باوجود رہائشی علاقوں میں پانی کی سپلائی بند ہے جس سے ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی تاہم سندھ حکومت کی جانب سے ابھی تک اس پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔