انٹرمیڈیٹ میں پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل کا امتیاز ختم کرنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 20 ستمبر 2014
طالب علم اے لیول کی طرز پر بیک وقت ریاضی اورحیاتیات سے متعلق مضامین کے پرچے دے سکے گا، امتحان کی کامیابی کے بعد وہ انٹرسائنس کہلائے گا فوٹو: فائل

طالب علم اے لیول کی طرز پر بیک وقت ریاضی اورحیاتیات سے متعلق مضامین کے پرچے دے سکے گا، امتحان کی کامیابی کے بعد وہ انٹرسائنس کہلائے گا فوٹو: فائل

کراچی: سندھ میں کیمبرج کی طرز پرانٹرمیڈیٹ میں پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل کا امتیاز ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے تحت کوئی بھی طالب علم اے لیول کی طرز پر بیک وقت ریاضی اورحیاتیات سے متعلق مضامین کا امتحان دے سکے گا اور امتحان کی کامیابی کے بعد وہ انٹرسائنس کہلائے گا، یہ فیصلہ جمعہ کو صوبائی ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کی زیر صدارت اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلا س میں کیا گیا۔

اجلاس میں سندھ انٹر بورڈز کمیٹی آف چیئرمین اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی سمیت ایڈیشنل سیکریٹری (بورڈز)،سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے قائم مقام چیئرمین کے علاوہ حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر کے بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجو کیشن اور ڈائریکٹر سندھ بیورو آف کر یکلم اینڈ ایکسٹیشن ونگ جامشورو نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کالجوں کے تحت پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس کو ضم کرکے انٹر سائنس کے نام سے ایک گروپ بنایا جائے جس کے تحت طلبہ و طالبات کو اپنے مضامین خود منتخب کرنے کی سہولت میسر آجائے گی اور ان کا تعلیمی سفر نہ صرف آسان ہوجائے گا بلکہ تعلیمی میدان میں انھیں ترقی کے مزید مواقع بھی حاصل ہوسکیں گے۔

اجلاس میں اس حوالے سے بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین سے فیصلے کے سلسلے میں تمام دستاویزی امور پر مشتمل ضروری تجاویز کی جلد ترتیب کیلیے بھی کہا گیا، اجلاس میں سندھ انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین(ایس آئی بی سی سی) کے قیام اور اس کے اغراض و مقاصد کا تفصیلی احاطہ کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔