سلامتی کونسل کی قرارداد پرعمل نہ کرنے والا بھارت مستقل نشست کے خواب دیکھ رہا ہے، مولانا فضل الرحمان

ویب ڈیسک  اتوار 1 فروری 2015
پاکستان کا موقف اصولوں پر مبنی ہے جب اسکاٹ لینڈ میں رائے شماری ہوسکتی ہے تو کشمیر میں کیوں نہیں ہوسکتی،مولانا فضل الرحمان۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستان کا موقف اصولوں پر مبنی ہے جب اسکاٹ لینڈ میں رائے شماری ہوسکتی ہے تو کشمیر میں کیوں نہیں ہوسکتی،مولانا فضل الرحمان۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

اسلام آباد: جمعیت علما اسلام (ف) کےسربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف اصولوں پر مبنی ہے اور سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل نہ کرنے والا ملک مستقل نشست کے خواب دیکھ رہا ہے۔

اسلام آباد میں ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر پر کیوں گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے اسے مسئلہ کشمیر میں مداخلت کرنی چاہیئے جب کہ کشمیریوں سے متعلق عالمی برادری فرض پورا نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے لئے ناگزیر ہے اور اس حوالے سے پاکستان کا موقف اصولوں پر مبنی ہے جب اسکاٹ لینڈ میں رائے شماری ہوسکتی ہے تو کشمیر میں کیوں نہیں ہوسکتی۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ کشمیر میں 8 لاکھ بھارتی فوجی اور نیم فوجی تعینات ہیں اور آئے روز کشمیریوں کے حقوق سلب کرتے ہوئے انہیں دبانے کی کوشش کی جاتی ہے، سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کیوں نہیں کرا رہی جبکہ سلامتی کونسل کی قرار داد پر عمل نہ کرنے والا بھارت مستقل رکنیت کا خواب دیکھ رہا ہے جس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔