کراچی آپریشن کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ کی وارادتیں 53 فیصد کم ہوگئیں، نیکٹا رپورٹ

ویب ڈیسک  جمعرات 28 مئ 2015
آپریشن کے نتیجے میں شہر میں قتل کی دیگر وارداتوں میں 38 فیصد کمی ہوئی، نیکٹا رپورٹ، فوٹو:فائل

آپریشن کے نتیجے میں شہر میں قتل کی دیگر وارداتوں میں 38 فیصد کمی ہوئی، نیکٹا رپورٹ، فوٹو:فائل

اسلام آباد: نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کراچی آپریشن سے متعلق جامع رپورٹ تیار کرلی جس کے مطابق ستمبر 2013 سے جاری آپریشن کے نتیجے میں شہر میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں 53 فیصد کمی ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی آپریشن پر نیکٹا کی جانب رپورٹ مختلف اداروں سے حاصل کیے گئے اعدادو شمار سے مرتب کی گئی ہے جس میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا اور قتل کی وارداتوں کا احاطہ کیا گیا ہے جب کہ رپورٹ میں اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے کہ آپریشن کے نتیجے میں کون سے جرائم میں کتنے فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

نیکٹا رپورٹ کے مطابق کراچی میں آپریشن 5 ستمبر 2013 کو شروع کیا گیا جس میں اب تک 648 دہشت گرد، 117 اغوا کار اور 504 بھتہ خوروں کو گرفتا کیا گیا جب کہ اس دوران 8 ہزار 803 مفرور ملزمان اور ایک ہزار 647 قتل کے ملزمان کو بھی دھر لیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی آپریشن میں 54 ہزار 190 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ اس دوران گرفتار ملزمان سے 14 ہزار 750 جدید ترین ہتھیار بھی پکڑے گئے ہیں۔

نیکٹا کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ کےمطابق کراچی آپریشن کے نتیجے میں ٹارگٹ  کلنگ میں 53 فیصد اور قتل کی دیگر وارداتوں میں 38 فیصد کمی ہوئی جب کہ ڈکیتیوں میں بھی 17 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔