جنید جمشید سے بدسلوکی؛ پولیس نے اسلام آباد ایئرپورٹ حکام سے سی سی ٹی وی فوٹیج مانگ لی

ویب ڈیسک  اتوار 27 مارچ 2016

 اسلام آباد: بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ رات جنید جمشید سے بدسلوکی پر پولیس نے ایئرپورٹ حکام سے سی سی ٹی وی فوٹیج مانگ لی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جنید جمشید نے گزشتہ رات بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے بعد ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن میں مقدمے کے اندراج کی درخواست دے دی ہے۔ جنید جمشید نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ایئرپورٹ کے اندر ان پر 7 سے 8 لوگوں نے حملہ کیا اور نازیبا زبان استعمال کی، اگر ملزمان سامنے لائے گئے تو وہ حملہ کرنے والوں کو پہچان سکتے ہیں۔

دوسری جانب جنید جمشید نے واقعے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ان پر حملہ کرنے والے مسلمان تھے اس لیے وہ انہیں بد دعا بھی نہیں دے سکتے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات جنید جمشید کراچی سے قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 372 کے ذریعے بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ پہنچے تھے جہاں چند افراد نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اے ایس ایف کمانڈوز نے جنید جمشید کو اپنی حفاظتی تحویل میں پولیس اسکواڈ کے ساتھ گھر روانہ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔