عمران خان نوازشریف کو ہٹا کر خود وزیراعظم بننا چاہتے ہیں، جاوید ہاشمی

ویب ڈیسک  پير 24 اکتوبر 2016
2 نومبر کو کسی کی جیت یا ہار نہیں ہوگی لیکن نوازشریف پر جرم ثابت ہو تو انہیں ضرورسزا ملنی چاہیے، سینئر سیاستدان، فوٹو؛ فائل

2 نومبر کو کسی کی جیت یا ہار نہیں ہوگی لیکن نوازشریف پر جرم ثابت ہو تو انہیں ضرورسزا ملنی چاہیے، سینئر سیاستدان، فوٹو؛ فائل

ملتان: سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ عمران خان صرف نوازشریف کو ہٹا کر خود وزیراعظم بنناچاہتے ہیں لیکن 2 نومبرکو کسی کی جیت یا ہار نہیں ہوگی۔

ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں مشاورت کا کوئی نظام نہیں، عمران خان کو پتا نہیں کہ وہ کس کے کہنے پر سی پیک کی دھجیاں اڑارہے ہیں، ان کو ایک گھنٹہ پہلے تک بھی فیصلے کا علم نہیں ہوتا، یہ فیصلے کہیں اور سے ہوتے ہیں، یہ فیصلے کون اور کس کے اشارے پر کررہا ہے اس کا علم نہیں لیکن عمران خان نے سی پیک کو اہمیت نہیں دی جب کہ ان کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے سی پیک کے حوالے سے سوالات کے جوابات چینی سفیر نے دیئے۔

سینئر سیاستدان نے کہا کہ عمران خان صرف نواز شریف کو ہٹا کر خود وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں لیکن 2 نومبر کو کسی کی جیت یا ہار نہیں ہوگی اگر ادارے ٹوٹے تو ملک کا نقصان ہوگا، مجھے حکومت کی نہیں قوم کے مستقبل کی فکر ہے جب کہ نوازشریف پر جرم ثابت ہو تو انہیں ضرورسزا ملنی چاہیے۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے سے عام آدمی کی زندگی بدل جائے گی اور اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوگیا تو پاکستان ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہوجائے گا اسی لیے پاکستان کے خلاف بیرونی و اندرونی سازشیں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور سی پیک کے خلاف بیرونی طاقتیں سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس اور بھارت نے پاکستان کو توڑ کر خود راستہ لینا چاہا لیکن روس نے توبہ کرلی اور اب وہ گوادر تک پہنچنا چاہتا ہے جب کہ بھارت بدستور پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے اور ہمارے اندرونی خلفشار سے فائدہ اٹھا رہا ہے، ان سازشوں کا تعلق نوازشریف، راحیل شریف یا عمران خان سے نہیں بلکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی سے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔