سربراہ نااہل اور جھوٹا ہو تو حواری ایماندار کیسے ہوں گے، طاہر القادری

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 27 اپريل 2018
سپریم کورٹ کا فیصلہ جرأت مندانہ اور آئین کے مطابق ہے، سربراہ عوامی تحریک۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کا فیصلہ جرأت مندانہ اور آئین کے مطابق ہے، سربراہ عوامی تحریک۔ فوٹو: فائل

 لاہور: عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جس جماعت کا سربراہ کرپٹ اور جھوٹا ہو اسکے حواری ایماندار کیسے ہوسکتے ہیں؟

سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہا ہے کہ افسوس 5 سال سے نااہل ٹولہ ملکی تقدیر سے کھیلتا رہا، ووٹ کو عزت دینے کا ناٹک کرنے والے بتائیں آئین اور ملک کو عزت کیوں نہیں دی؟، نااہلی کافی نہیں قوم کے اعتماد کا خون کرنیوالوں کو جیلوں میں بند کیا جائے، جس جماعت کا سربراہ کرپٹ اور جھوٹا ہو اسکے حواری ایماندار کیسے ہوسکتے ہیں؟

طاہر القادری نے کہا کہ قومی اداروں کیخلاف زبان درازی کرنیوالوں کی زبانیں گدی سے کھینچ لینے کا وقت آگیا، نااہل اور جھوٹے وزیر سے 5 سال کی مراعات جرمانے سمیت وصول کی جائیں،آرٹیکل 62 اور 63 کا قوم کو جو شعور دیا آج اس کے ثمرات سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹے اور نااہل ہی نہیں بیگناہ شہریوں کے قاتل بھی ہیں، عوام اس نااہل، کرپٹ اور قاتل ٹولے کا سیاسی بائیکاٹ کرے۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جرأت مندانہ اور آئین کے مطابق ہے، فیصلے سے سیاست میں عوامی خدمت اور عبادت کو جھوٹ سے الگ کرنے میں مدد ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔