کورونا کا شکار ہونے والے جوڑے نے قرنطینہ وارڈ میں شادی کرلی

ویب ڈیسک  اتوار 24 جنوری 2021
جوڑے کی شادی رواں برس جون میں ہونی تھی، فوٹو : رائٹرز

جوڑے کی شادی رواں برس جون میں ہونی تھی، فوٹو : رائٹرز

 لندن: برطانیہ میں شادی سے چند ماہ قبل کورونا سے متاثر ہونے والے جوڑے نے طبیعت بگڑنے پر قرنطینہ وارڈ میں ہی شادی کرنے کا فیصلہ کیا جسے طبی عملے نے ممکن بنادیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں دو محبت کرنے والوں ایلزبتھ کیر اور سمن او بریئن کو رواں برس جون میں شادی کرنا تھی تاہم دونوں ہی کورونا سے متاثر ہوگئے اور سانس لینے میں تکلیف کے باعث دونوں کو ایک ایمبولینس میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایمبولینس میں ہی دونوں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ اگر وقت نے جون تک مہلت نہ دی تو وہ مرنے سے قبل اسپتال میں ہی شادی کرلیں گے۔ 31 سالہ ایلزبتھ اور 36 سالہ سمن او بریئن کو قرنطینہ وارڈ میں داخل کرلیا گیا۔

married in quratine center 2

دونوں کے پھیپھڑے بری طرح متاثر ہوئے تھے اور سانس لینے میں دشواری کے باعث انہیں مصنوعی طریقے سے آکسیجن دی جارہی تھی۔

اس دوران سمن او بریئن کی طبیعت مزید خراب ہوگئی جس پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس سے قبل جوڑے نے آخری خواہش کے طور پر شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا جسے طبی عملے نے ممکن بنایا۔ ایک سادہ سی تقریب میں دونوں نے کیک کاٹا اور انگوٹھی پہنائی۔

married in quratine center 3

اس موقع پر دونوں کے اہل خانہ بھی وارڈ کے باہر موجود تھے۔ شادی کی مختصر تقریب کے بعد سمن او بریئن کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا بعد ازاں وینٹی لیٹر پر منتقل کرنا پڑا۔

married in quratine center

اہل خانہ اور طبی عملہ نوبیاہتا جوڑے کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔