رینجرز کا اہم شاہراہوں پر2منزلہ چوکیاں تعمیر کرنے کا فیصلہ

ساجد رؤف  بدھ 8 جنوری 2014
پولیس چوکیاں کچرا کنڈیوں کا منظر پیش کررہی ہیں،رینجرزچوکیوں میں اہلکاروں کی تعیناتی بھی یقینی بنائے،شہری. فوٹو : فائل

پولیس چوکیاں کچرا کنڈیوں کا منظر پیش کررہی ہیں،رینجرزچوکیوں میں اہلکاروں کی تعیناتی بھی یقینی بنائے،شہری. فوٹو : فائل

کراچی: رینجرزکی جانب شہر بھر میں 2 منزلہ پختہ چوکیوںکی تعمیرکا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، تفصیلات کے مطابق شہر میں امن امان کے قیام کیلیے رینجرز کی جانب سے شہر بھر میں2 منزلہ پختہ چوکیوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

جبکہ بعض علاقوں میں چوکیوں کی تعمیر مکمل کرنے اور رنگ و روغن کے بعد رینجرز کی نفری کو بھی تعینات کردیا گیا ہے جو کہ مختلف اوقات میں ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں جبکہ شہر کے کچھ علاقوں میں چوکیوں کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے ، سندھ رینجرز کی جانب سے تعمیر کی جانیوالی 2 منزلہ چوکیاں شہر کی اہم شاہراہوں کی گرین بیلٹ، فٹ پاتھ اور انتہائی رش والے علاقوں میں تعمیر کی جا رہی ہیں ، رینجرز ذرائع کے مطابق شہر بھر میں تعمیر کی جانے والی نئی چوکیوں کے ساتھ واش روم اور پینے کے پانی کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے ، انھوں نے بتایا کہ2 منزلہ چوکیوں کی تعمیر کا مقصد دور سے جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھنا اور انھیں کسی بھی ممکنہ واردات سے قبل روکنا اور انھیں گرفتار کرنا ہے دوسری جانب شہر بھر میں رینجرز کی جانب سے پختہ چوکیوں کی تعمیر پر شہری حلقوں کی جانب سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رینجرز کی جانب سے نئی چوکیوں کی تعمیر سے شہریوں میں احساس تحفظ بڑھے گا اور دن دہاڑے چلتے پھرتے رونما ہونیوالی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ رینجرز حکام کی جانب سے یہ ایک احسن اقدام ہے، اس سے قبل بھی محکمہ پولیس کی جانب سے شہریوں ، دکانداروں اور مخیر حضرات کے تعاون سے مختلف علاقوں میں کئی چوکیاں تعمیر کی گئیں تاہم وہ چوکیاں پولیس کے اعلیٰ افسران کی عدم توجہ کے باعث ویران پڑی ہیں اور وہ چوکیاں تاحال پولیس اہلکاروں کی منتظر ہیں، شہریوں کی رقم سے تعمیر کی جانیوالی چوکیاں کچرا کنڈیوں کا منظر پیش کر رہی ہیں تاہم رینجرز حکام سے اپیل ہے کہ اگر رینجرز کی جانب سے نئی چوکیاں تعمیر کی جارہی ہیں تو ان چوکیوں میں رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنائی جائے، شہریوں کی جانب سے رینجرز کی جانب سے شہر کی اہم شاہراہوں کی گرین بیلٹ اور فٹ پاتھ اور انتہائی رش والی مقامات پر تعمیر کی جانیوالی چوکیوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ان کا کہنا تھا کہ شہر کے موجودہ حالات کے پیش نظر اہم شاہراہوں کی گرین بیلٹ ، فٹ پاتھ اور انتہائی رش والے مقامات پر تعمیر کی گئی چوکیوں پر اگر کوئی ناخوش گوار واقعہ رو نما ہو تا ہے تو اس کی لپیٹ میں شہری بھی آسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔