فضائیہ کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے، ایئر چیف

اے پی پی  ہفتہ 4 جولائی 2015
پاکستان ایئرفورس دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، ایئر چیف۔فوٹو: فائل

پاکستان ایئرفورس دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، ایئر چیف۔فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاکستان ایئرفورس دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے تاہم روایتی خطرات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

پاکستان ایئر فورس کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دینے کیلیے مکمل تیار ہے، جمعہ کو کمبیٹ کمانڈرز اسکول سرگودھا میں45ویں کمبیٹ کمانڈو کورس کی گریجویٹنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ کمبیٹ کمانڈرز سکول پی اے ایف جنگی تربیت کا محور ہے اور یہ ایئر پاور ایمپلائمنٹ میں جدید رجحانات کو متعارف کرنے کیلئے کوشش جاری رکھے گا۔

ہمیں بہتر سے بہتر کی تلاش کرنا چاہیے اور فلائٹ سیفٹی پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے اثاثوں کو بہتر طریقے سے بروئے کار لانا چاہئے، ایئر چیف نے اس موقع پر گریجویٹنگ افسران میں سرٹیفکیٹ اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں، بہترین کمبیٹ کمانڈر کیلیے چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی اسکواڈرن لیڈر حماد فاروقی نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کیلیے ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی اسکواڈرن لیڈر محمد سلیم کو دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔