گورنر نے مہران ہائی وے فیز II کی تعمیر کا افتتاح کردیا، 557 ملین لاگت آئے گی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 20 فروری 2013
تقریب میں جاپانی قونصل آکیرا اوچی ، آغا صحرائی، ناگاسی اور دیگر کی شرکت،جاپانی مدد پر شکر گزار ہیں،محمد حسین سید۔ فوٹو: فائل

تقریب میں جاپانی قونصل آکیرا اوچی ، آغا صحرائی، ناگاسی اور دیگر کی شرکت،جاپانی مدد پر شکر گزار ہیں،محمد حسین سید۔ فوٹو: فائل

کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ مہران ہائی وے فیز II کی تعمیر کے آغاز پر شہریوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

اس شاہراہ کی تعمیر پاک جاپان دوستی کی زندہ مثال ہوگی،9 کلو میٹر طویل مہران ہائی وے فیز II کی تعمیر پر 557 ملین روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے جو جائیکا جاپان کی جانب سے فراہم کی گئی ہے،منصوبے کے تحت 36،  36 فٹ کے دو ٹریک تعمیرکیے جا رہے ہیں جبکہ برساتی نالے کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی اس منصوبے میں شامل ہے،مہران ہائی وے کی تعمیر کے بعد شہریوں کو نیشنل ہائی وے کے متبادل ایک شاہراہ میسر آئے گی اور لانڈھی صنعتی زون ، ایکسپورٹ پروسسنگ زون ، پورٹ قاسم اور یہاں موجود جاپانی کمپنیوں کے لیے یہ ہائی وے بہت ہی مفید ثابت ہوگی۔

یہ بات انھوں نے منگل کو گورنر ہاؤس میں مہران ہائی وے فیز II کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر کراچی میں جاپانی قونصل جنرل آکیرا اوچی،ایرانی نائب قونصل جنرل آغائی صحرائی،جائیکا کے مشیرمسٹر ناگاسی ، ایڈمنسٹریٹرکراچی محمد حسین سید ، افسران اور بڑی تعداد میں عمائدین شہر بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی محمد حسین سید نے کہاکہ ہم جاپانی حکومت کے مشکور ہیں کہ مہرن ہائی وے کے فیز I کے مکمل ہونے کے بعد آج اس ہائی وے کے دوسرے فیز کے تعمیراتی کام کے آغاز کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے جس سے نہ صرف علاقہ کو ترقی حاصل ہوگی بلکہ ایکسپورٹ پروسسنگ زون میں کام کرنے والے صنعت کاروں کو بھی سامان کی نقل و حمل کے لیے بہتر سہولیات میسر آئیں گی جسے جائیکا جاپان کے تعاون سے ہی مکمل کیا جائے گا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اپنے محدود وسائل کے باوجود گزشتہ دو سالوں میں شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، کراچی میں اس وقت 5 فلائی اوورز بیک وقت تعمیر کیے جا رہے ہیں،ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے مکمل ہونے کے بعد شہر کے تمام آئل ٹینکرز کو یہاں منتقل کردیا جائے گا،شہر میں کئی ترقیاتی کاموں پر مرحلہ وار کام جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔