پی ٹی آئی کی باتیں کروڑوں کی اور دکان پکوڑوں کی ہے، مرتضیٰ وہاب

اسٹاف رپورٹر  منگل 18 دسمبر 2018
عمران خان آصف زرداری کے خلاف بیان دینے والے اپنے منشیوں کی زبان کو لگام دیں، رہنما پیپلزپارٹی۔ فوٹو : فائل

عمران خان آصف زرداری کے خلاف بیان دینے والے اپنے منشیوں کی زبان کو لگام دیں، رہنما پیپلزپارٹی۔ فوٹو : فائل

 کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ کے مشیراطلاعات، قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی باتیں کروڑوں کی اور دکان پکوڑوں کی ہے۔

اپنے بیان میں بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ عوام سمجھ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کی باتیں کروڑوں کی اور دکان پکوڑوں کی ہے، عمران خان آصف زرداری کے خلاف بیان دینے والے اپنے منشیوں کی زبان کو لگام دیں، حکمت سے عاری لوگوں کو حکومت سونپ دینا قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ہم سے 30سالوں کا حساب مانگنے والے اپنے 100 دنوں کا حساب نہیں دے پارہے، 100 روزہ حکومتی کارکردگی بدترین مہنگائی، گیس ، سی این جی کی بندش کی صورت عوام پر مسلط کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔