تعلیمی بورڈ میرپورخاص نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا

ایکسپریس نیوز ڈیسک  منگل 30 جولائی 2013
میٹرک سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب 86.63 فیصد رہا۔ فوٹو: فائل

میٹرک سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب 86.63 فیصد رہا۔ فوٹو: فائل

میر پور خاص:  ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورٖڈ میرپورخاص نے میٹرک کے تمام گروپوں کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

تعلیمی بورڈ کے چیئر مین شفیق احمد خان کے جاری کردہ نتائج کے مطابق میٹرک سائنس گروپ میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ٹنڈو محمد خان کی طالبہ عمارہ بنت آفتاب نے حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن فاران پبلک ہائر سیکنڈری اسکول نوکوٹ کے عامر انور ولد محمد انور اور تیسری پوزیشن لٹل فوکس ہائر سیکنڈری اسکول میرپورخاص کے امان اللہ ولد مجیب الرحمن نے حاصل کی ۔ میٹرک سائنس گروپ میں مجموعی طور پر 25577 طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 2758 نے گریڈ اے ون، 6813 نے اے گریڈ، 8088 نے گریڈ بی، 3750 نے گریڈ سی اور 741 نے گریڈ ڈی جبکہ 8 امیدوارگریڈ ای میں پاس ہوئے۔

میٹرک سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب 86.63 فیصد رہا جبکہ جنرل اور آرٹس گروپ میں پہلی پوزیشن سمیرا شاہین بنت محمد عنایت، دوسری رضوان اللہ ولد وحید اللہ اور تیسری پوزیشن فیضان ولد سلیم نے حاصل کی۔ اس گروپ میں کامیابی کا تناسب 86.75 فیصدرہا۔ اورینٹئل گروپ میں 58 طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 16 نے گریڈ اے،27 نے گریڈ بی، 11 نے گریڈ سی میں کامیابی حاصل کی۔ کامیابی کا تناسب 93.10 فیصد رہا۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین تعلیمی بورڈ نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات میں اسناد اور پھولوں کے تحائف تقسیم کیے۔ تقریب میں طلباء و طالبات کے والدین ، اساتذہ اور تعلیمی بورڈ کے سیکریٹری، ناظم امتحانات و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔