سعد رفیق کے بھائی سلمان رفیق کی طبیعت خراب، اسپتال منتقل

ویب ڈیسک  منگل 18 جون 2019
خواجہ سلمان رفیق کا بلڈ پریشر کنٹرول میں ہے اور حالت خطرے سے باہر ہے، اسپتال ذرائع (فوٹو: فائل)

خواجہ سلمان رفیق کا بلڈ پریشر کنٹرول میں ہے اور حالت خطرے سے باہر ہے، اسپتال ذرائع (فوٹو: فائل)

لاہور: سلمان رفیق ناسازی طبیعت کے باعث  نیب کی حراست سے پی آئی سی منتقل کردئیے گئے۔

خواجہ سعد رفیق کے بھائی اور سابق وزیر صحت پنجاب سلمان رفیق نیب کی حراست میں ہیں اور انہیں طبیعت خراب ہونے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کردیا گیا ہے۔ سعد رفیق کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سلمان رفیق کو ہائی بلڈ پریشر کی شکایت پر پی آئی سے منتقل کیا گیا اور ان کے دل کی دھڑکن بھی آہستہ تھی۔

دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سلمان رفیق پروفیسر شاہد حمید کی نگرانی میں زیر علاج ہیں، ان کا بلڈ پریشر کنٹرول میں ہے اور حالت خطرے سے باہر ہے۔

یہ پڑھیں: خواجہ برادران کی درخواست ضمانت مسترد

واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق  پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں گرفتار ہیں اور نیب حراست میں ہیں۔

آج بھی لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے دونوں کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جب کہ گزشتہ برس 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اوران کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے یا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔