مزدوری میں ازخود اضافہ، این ایچ اے کو 12 لاکھ روپے کا نقصان

مسعود ماجد سید  اتوار 13 اکتوبر 2013
کام کی نگرانی طے شدہ اصول وضوابط کے مطابق نہ کر نے پرریذیڈینٹ انجینئرکے خلاف کارروائی کی جائے, آڈٹ حکام کی ہدایت، فوٹو : فائل

کام کی نگرانی طے شدہ اصول وضوابط کے مطابق نہ کر نے پرریذیڈینٹ انجینئرکے خلاف کارروائی کی جائے, آڈٹ حکام کی ہدایت، فوٹو : فائل

اسلام آباد: این ایچ اے حکام نے مزدوروںکے طے شدہ معاوضے میں ازخود اضافہ کرکے ادارے سے12لاکھ 30 ہزارروپے کی اضافی ادائیگی کردی۔

کراچی میں ناردرن بائی پاس(پیکج ون)کے پروجیکٹ ڈائریکٹرنے مزدورکی طے شدہ اجرت25روپے فی گھنٹہ کے بجائے82روپے گھنٹہ کردی۔ ریٹ اینالائسز چارٹ کے مطابق ادارے نے مزدورکی جواجرت مقررکی تھی وہ ریت بھرائی کیلیے25روپے فی گھنٹہ تھی جبکہ ادائیگی 82.03روپے کے حساب سے کی گئی۔اس سلسلے میں این ایچ اے حکام کاکہناہے کہ مجازحکام نے اضافے کی منظوری دی لیکن آڈٹ حکام نے اس موقف کو مسترد کردیا کیونکہ اسی ٹھیکیدارکواسی جگہ اوراسی نوعیت کے کام پر لیبرکی ادائیگی کی گئی جو واجب الوصول ہے۔

آڈٹ حکام نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ادا شدہ ریٹ کی تصدیق کیلیے مناسب طریقے سے ریٹس تیارکرنے کے ساتھ اضافی رقم کی وصولی اور ذمے داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے اور یہ بھی کہاکہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف کنسلٹنگ انجینئرزکے تعمیراتی معیارات کو ملحوظ خاطررکھا جائے،آڈٹ حکام نے کہاکہ کام کی نگرانی طے شدہ اصول وضوابط کے مطابق نہ کر نے پرریذیڈینٹ انجینئرکے خلاف کارروائی کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔