فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف کو ن لیگ کا کٹھ پتلی صدر قرار دے دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 5 دسمبر 2019
شہباز شریف پہلے اپنی پارٹی میں ان ہاؤس تبدیلی لائیں، فردوس عاشق اعوان فوٹو:فائل

شہباز شریف پہلے اپنی پارٹی میں ان ہاؤس تبدیلی لائیں، فردوس عاشق اعوان فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف کو ن لیگ کا کٹھ پتلی صدر قرار دے دیا۔

فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پہلے اپنی پارٹی میں ان ہاؤس تبدیلی لائیں پھر پارلیمان میں تبدیلی کی بات کریں، ن لیگ کے صدر شہباز شریف ہیں لیکن فیصلے ان کی جگہ کوئی اور کرتا ہے، کٹھ پتلی صدر ہونے سے بہتر ہے کہ پہلے اپنی پارٹی کے حقیقی صدر تو بن جائیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا ان ہاؤس تبدیلی کا بیان بلی کے خواب میں چھیچھڑے کے مترادف ہے، ان حسرتوں کے لئے ان سے ہمدردی ہی کی جاسکتی ہے، ان ہاؤس تبدیلی کی شوبازی نہ کریں بلکہ پارلیمان میں آکر قانون سازی کی ذمہ داری پوری کریں۔

یہ بھی پڑھیں: جتنی جلدی ان ہاؤس تبدیلی لائی جائے قوم کیلیے بہتر ہے، شہباز شریف

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ تبدیل کرنے کے معاملے میں اپوزیشن کو جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا وہ شاید شہباز شریف بھول گئے ہیں، بلاول اور مولانا فضل الرحمان بھی پارلیمان کی بالادستی کے اپنے دعوؤں پر عمل کریں، پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق اپنی جماعتوں کو یرغمال نہ بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔