کورونا وائرس؛ سندھ حکومت نے 3 ارب روپے کا خصوصی فنڈ قائم کردیا

ویب ڈیسک  منگل 17 مارچ 2020
ضرورت پڑنے پر فنڈ بڑھایا بھی جائےگا، حکومتی ذرائع۔ فوٹو:فائل

ضرورت پڑنے پر فنڈ بڑھایا بھی جائےگا، حکومتی ذرائع۔ فوٹو:فائل

کراچی: سندھ حکومت نے کورونا سے متاثرہ افراد کے علاج اور طبی آلات خریدنے کے لئے 3 ارب روپے کا خصوصی فنڈ قائم کردیا۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعلٰی سندھ مراد علی کی زیر صدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کا 20 واں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزا،مشیر،مئیر کراچی،چیف سیکٹری اور متعلقہ اداروں کے عہدیداران شریک ہوئے، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں بتایا  کہ کراچی میں کورونا وائرس کے 38 کیسز ہو گئے ہیں، جب کہ  سکھر میں تفتان کے زائرین کی تعداد 134 ہیں اور مجموعی طور پر کورونا وائرس کے 172 مثبت کیسز ہیں۔

اجلاس میں کوروناوائرس کی وبا سے بچاؤ کے لیے اقدامات مزید بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ حکومت نےکورونا وائرس کے لیے 3 ارب روپے کا خصوصی فنڈ قائم کردیا، خصوصی فنڈ سے کورونا وائر س سے متاثرہ افراد کے علاج اور آلات کی خریداری کے لیے انتظامات کیے جائیں گے، اور ضرورت پڑنے پر فنڈ بڑھایا بھی جائےگا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی فنڈ کے استعمال کے لیے 5 رکنی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے، چیف سیکریٹری کی سربراہی میں قائم ہونے والی کمیٹی میں سیکریٹری محکمہ خزانہ اور  تین معروف سماجی شخصیات فیصل ایدھی ڈاکٹر عبدالباری اور مشتاق چھاپرا شامل ہیں۔

دوسری جانب سندھ کابینہ میں شامل وزرا،مشیروں اور معاونین خصوصی نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کی پیشکش کی اور اپنی تجویز پارٹی قیادت اور وزیراعلی کو  بھیج دی،  وزراء کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹ رہی ہے اور اپنےمحدود وسائل بروئے کار لارہی ہے ، ہم اپنے عوام کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے اور اپنی تنخواہیں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت کو دینے کو تیار ہیں۔

ترجمان وزیراعلٰی سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ نے 3 ارب روپے کا کورونا وائرس ریلیف فنڈ قائم کردیا ہے جب کہ سندھ کابینہ کے تمام ارکان خصوصی فنڈ میں ایک ماہ کی تنخواہ جمع کرائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔