کرکٹ میں اب ’’بائیو سیکیور جشن‘‘ منایا جائے گا

اسپورٹس ڈیسک  پير 29 جون 2020
وکٹ یا چھکے چوکوں کی خوشی مکے یا کہنی ٹکرا کر منائی جائے گی ۔  فوٹو : فائل

وکٹ یا چھکے چوکوں کی خوشی مکے یا کہنی ٹکرا کر منائی جائے گی ۔ فوٹو : فائل

 لندن:  کرکٹ میں اب ’’’بائیو سیکیور جشن‘‘ منایا جائے گا،انگلش کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز سے قبل لیکچر ملے گا،کورونا نے خوشیاں منانے کے انداز بھی بدل دیے، وائرس کے خوف سے کرکٹرز ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں گے نہ گلے لگیں گے، ہائی فائیو کی اجازت نہیں ہوگی، وکٹ یا چھکے چوکوں کی خوشی مکے یا کہنی ٹکرا کر منائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس نے جہاں اطوارزندگی تبدیل کیے وہیں اس نے کرکٹ کے روایتی طور طریقوں پر بھی گہرا اثر ڈالا ہے، عالمی وبا پھیلنے کے بعد 8 جولائی سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز سے پروفیشنل کرکٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگا، وائرس کی وجہ سے دونوں ہی ٹیمیں اس وقت بائیوسیکیور ببل میں ہیں، انھیں اپنے متعلقہ گراؤنڈز سے متصل ہوٹلزمیں ٹھہرایا گیا اور سوشل ڈسٹنس سمیت تمام ضروری اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے دوران میچ جہاں گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی ہوگی وہیں پر کھلاڑیوں کو سختی سے ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ وہ وکٹ، چھکے چوکے یا فتح کا جشن منانے کے پرانے طریقے بھی فی الحال بھول جائیں، انھیں ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کی اجازت ہوگی نہ ہی وہ گلے لگ سکیں گے، ہائی فائیو بھی نہیں کرنے دیا جائے گا، خوشی منانے کیلیے زیادہ سے زیادہ وہ مکے آپس میں ٹکرا سکتے یا پھر کہنیاں ایک دوسرے سے ملا سکتے ہیں۔ ’’بائیوسیکیور جشن‘‘ کیلیے انگلش کرکٹرز کو سیریز سے قبل ایک بار پھر خصوصی لیکچر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈکے کھلاڑی بالترتیب مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اور ساؤتھمپٹن کے روز باؤل میں ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، اس دوران بھی وہ ایک دوسرے کے قریب آنے سے گریز کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔