حکومت ناکام ہوچکی، نااہلوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا، سراج الحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 دسمبر 2020
 قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنادیا گیا ہے، امیر جماعت اسلامی

قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنادیا گیا ہے، امیر جماعت اسلامی

 حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے جس نے قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنادیا۔

حیدرآباد میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے تحفظ ختم نبوتؐ، ناموس اہل بیت و عظمت صحابہؓ کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں سندھ بھر کی درگاہوں کے گدی نشین، علماء کرام و علماء مشائخ بھی شریک ہوئے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 73 سال سے حکمرانی کرنے والی اشرفیہ نے ملک کو دولخت کیا، یہ لوگ بیرونی شہریت کے حامل ہیں، نااہلوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا، پی ٹی آئی حکومت بھی مکمل ناکام ہوچکی ہے، انہوں نے بھی قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنادیا، ملک کو بچانے کیلئے علماء اور مشائخ کو کردار ادا کرنا پڑے گا۔

سراج الحق نے کہا کہ 73 سال سے ملک میں انگریز کا نظام رائج ہے، عدالتوں میں قرآن کا نظام نہیں حالانکہ قرآن کے تحت فیصلے ہونے چاہئیں، تجارت میں سود کی ممانعت ہے مگر ہماری ساری معیشت سود پر چل رہی ہے، اقتدار میں آنے والے کو اسلامی مفاد کا نظام لانا ہوتا ہے مگر آج تک ایسا نہیں ہوا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاستدان خدا بننے کی کوشش کررہے ہیں اور ہر سیاستدان چاہتا ہے کہ اس کے ہر فیصلے پر لبیک کہا جائے، حالانکہ قیادت کرنا ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سیاستدانوں کا کام نہیں ہے، سیاسی لیڈر پانچ چھ ہزار کے جلسے کرکے اقتدار کی خواہش ظاہر کرتے ہیں؟، جبکہ درگاہوں اور مزارات پر لاکھوں لوگ روزانہ حاضری دیتے ہیں اور علماء خاموش ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے علماء آگے آئیں، جب افغانستان کے غریب عوام نیٹو کی مسلح افواج کو ناکام کرسکتے ہیں تو ہم علماء کیوں پیچھے ہیں، مہنگائی، بدامنی اور بے روزگاری کا حل اسلامی قانون کے نفاذ میں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔