شہباز شریف اور ان کے خاندان کی منی لانڈرنگ کیس میں بریت نہیں ہوئی، شہزاد اکبر

ویب ڈیسک  پير 27 ستمبر 2021
این سی اے نے خود فنڈز ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا، جس کا مطلب یہ نہیں کہ فنڈز جائز ذرائع سے وصول ہوئے، مشیر داخلہ واحتساب۔(فوٹو: فائل)

این سی اے نے خود فنڈز ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا، جس کا مطلب یہ نہیں کہ فنڈز جائز ذرائع سے وصول ہوئے، مشیر داخلہ واحتساب۔(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ واحتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور ان کے خاندان کی منی لانڈرنگ کیس میں بریت نہیں ہوئی، کیوں کہ کوئی ٹرائل تھا ہی نہیں جو بریت ہوتی۔

اپنی ٹوئٹ میں ان کا کہنا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے سلیمان شہباز اور ان کے خاندان کے کچھ افراد کے خلاف تحقیقات ایسیٹ ریکوری یونٹ یا نیب کی درخواست پر شروع نہیں کی گئیں تھیں۔

برطانوی حکام نے 2019 کے کچھ فنڈز کو مشکوک قرار دے کر تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور ان مشکوک فنڈز پر برطانوی حکام نے کورٹ سے فریزنگ آرڈر حاصل کر رکھا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی نے خود تحقیقات روک کر فنڈز ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ریلیز آرڈر کا مطلب یہ نہیں کہ فنڈز جائز ذرائع سے وصول ہوئے تھے۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ سلمان شہباز منی لانڈرنگ کیس میں لاہور کی عدالت سے مفرور ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔