سپریم کورٹ نے راوی اتھارٹی کی بحالی کا عبوری حکم واپس لے لیا

ویب ڈیسک  بدھ 26 جنوری 2022
راوی اربن منصوبہ کیس میں ہائیکورٹ کا حتمی فیصلہ آ چکا ہے، سپریم کورٹ

راوی اربن منصوبہ کیس میں ہائیکورٹ کا حتمی فیصلہ آ چکا ہے، سپریم کورٹ

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بحالی کا عبوری حکم واپس لے لیا۔

عدالت نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کو کام سے روکنے کے لاہور ہائیکورٹ کے عبوری حکم کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیلیں نمٹا دیں۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ راوی اربن منصوبہ کیس میں ہائیکورٹ کا حتمی فیصلہ آ چکا ہے، پنجاب حکومت چاہے تو ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کر سکتی ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ قانون کے تحت حتمی فیصلے میں عبوری حکم ضم ہوچکا ہے، حتمی فیصلہ آنے کے بعد عبوری حکم کیخلاف اپیلیں غیر موثر ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے راوی ریور پروجیکٹ کیلیے مختص اراضی کو غیر قانونی قرار دیدیا

وکیل روڈا نے کہا کہ دو ہفتے کا وقت دیں ہائیکورٹ احکامات کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے اپیلوں کو لٹکانے کا کوئی فائدہ نہیں، کوئی قانونی نکات اٹھانا چاہتے ہیں تو فیصلے کیخلاف اپیل میں اٹھا دیں۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے روڈا کو کام سے روکنے کا لاہور ہائیکورٹ کا عبوری حکم چیلنج کیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے دریائے راوی کے کنارے نیا شہر بسانے کے منصوبے یعنی راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔