پاکستان کا شاہین تھری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 اپريل 2022
شاہین تھری بیلسٹک میزائل جنگ کی صورت میں دہلی کو صرف تین منٹ میں نشانہ بناسکے گا۔ فوٹو:اسکرین گریپ

شاہین تھری بیلسٹک میزائل جنگ کی صورت میں دہلی کو صرف تین منٹ میں نشانہ بناسکے گا۔ فوٹو:اسکرین گریپ

 راولپنڈی: پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل افتخار بابر کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کا مقصد ہتھیاروں کے نظام کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پیرا میٹرز کا جائزہ لینا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حالیہ تجربے سے شاہین بیلسٹک میزائل کے ڈیزائن اور تکنیکی پہلوؤں کی ایک بار پھر توثیق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ شاہین تھری پاکستان کا جدید ترین درمیانی حدِ ضرب والا بیلسٹک میزائل (ایم آر بی ایم) ہے جو زمین سے زمین پر 2750 کلومیٹر کے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے، اور یہ اپنے ہدف کو 22,226 کلومیٹر فی گھنٹہ (آواز سے 18 گنا زیادہ) تیز رفتاری سے تباہ کرسکتا ہے، اس رینج اور رفتار کا مطلب یہ ہے کہ بھارت سے جنگ کی صورت میں شاہین تھری بیلسٹک میزائل دہلی کو صرف تین منٹ میں نشانہ بناسکے گا اور بھارتی فوج کے پاس اس کا کوئی توڑ نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں شاہین تھری میزائل سے بھارت کے اُن سب سے دور دراز فوجی اڈوں کو بھی صرف 15 منٹ میں تباہ کیا جاسکے گا جو جزائر نکوبار و انڈمان میں واقع ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاکستانی بیلسٹک میزائل ’’شاہین III‘‘ صرف 3 منٹ میں دہلی کو تباہ کرسکتا ہے

یہ ’’شاہین بیلسٹک میزائل‘‘ سلسلے کا تیسرا میزائل ہے جس کی خاص بات اس میں ٹھوس ایندھن کا استعمال ہے۔ اسے بیک وقت کئی وارہیڈز سے لیس کیا جاسکتا ہے جو روایتی بھی ہوسکتی ہیں اور غیر روایتی (نیوکلیائی) بھی؛ جب کہ ان کا مجموعی وزن 1000 کلوگرام تک ہوسکتا ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔