جونی ڈیپ ایک مرتبہ پھر’جیک اسپیرو ‘کے روپ میں جلوہ گر ہوں گے

’ڈزنی‘ کی جانب سے جونی ڈیپ کو 301 ملین روپے کی ڈیل کی پیشکش کی گئی ہے


ویب ڈیسک June 28, 2022
جونی ڈیپ 2003 سے لیکر 2018 تک پائریٹس آف دی کیریبین کی پانچ فلموں میں کام کرچکے ہیں (فائل فوٹو)

BEIJING: ہالی ووڈ کے سپر اسٹار جونی ڈیپ معروف فلم سیریز 'پائریٹس آف دی کیریبین' میں دوبارہ اداکاری کے جلوے بکھیرتے نظر آئیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جونی ڈیپ اور ان کی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کے درمیان معاملات طے پا جانے کے بعد ہالی ووڈ فلم کمپنی 'ڈزنی' کی جانب سے جونی ڈیپ کو 301 ملین روپے کی ڈیل کی پیشکش کی گئی ہے۔

ہالی ووڈ کے بحری قزاق 'جیک اسپیرو 'کی اپنے جزیرے پر واپسی کی خبریں گرم ہیں اور میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ڈزنی اور جونی ڈیپ فلم سیریز 'پائریٹس آف دی کیریبین' کی نئی فلم بنانے کے لیے رابطے میں ہیں۔

یاد رہے کہ ہالی ووڈ کی مشہور فلم فرنچائز 'پائریٹس آف دی کیریبین' وہ فلم ہے جس سے جونی ڈیپ کو دنیا بھر میں خوب شہرت ملی اور ان کے کیریئر نے آسمان کی بلندیوں کا سفر طے کیا ، یہی وجہ ہے کہ انہیں فلمی نام 'جیک اسپیرو' سے زیادہ جانا اور پہچانا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ جونی ڈیپ اپنی اہلیہ ایمبر ہرڈ کے ساتھ گھریلو تشدد کے کیس میں الزمات کے باعث 2018 میں 'پائریٹس آف دی کیریبین' کی آخری ریلیز ہونے والی 'فلم ڈیڈ مین ٹیلز نو ٹیلز' کے بعد فرنچائز سے فارغ کر دیے گئے تھے۔

تاہم گزشتہ دنوں 7 ہفتوں کے ٹرائل کے بعد ورجینیا کی عدالت نے جونی ڈیپ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے امبر ہرڈ کو حکم دیا کہ وہ سابق شوہر کو 10.3 ملین ڈالرز کا ہرجانہ ادا کریں بعدِ ازاں جونی نے امبر سے پیسے وصول کرنے سے منع کرتے ہوئے ان پر یہ جرمانہ معاف کردیا تھا۔




واضح رہے کہ جونی ڈیپ 2003 سے لیکر 2018 تک پائریٹس آف دی کیریبین کی پانچ فلموں میں کام کرچکے ہیں لیکن فرنچائز سے نکالے جانے کے بعد جونی ڈیپ نے کہا تھا کہ وہ ڈزنی کے ساتھ مزید کام نہیں کریں گے کیونکہ انہوں نے عدالتی فیصلے کے بغیر انہیں ملزم ٹھہرایا ہے۔

تاہم اب جونی ڈیپ کے مداح ڈزنی کے ساتھ فرنچائز کو دوبارہ جوائن کرنے پر بےحد خوش ہیں اور بےصبری سے سیریز کے اگلے سیکوئل کا انتظار کر رہے ہیں سوشل میڈیا پربھی ر اداکار کے مداح فرنچائز میں جیک اسپیرو کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں