پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے اپنے ہی رکن اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج کرادیا

شہزاد اعوان کی بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر گرما گرمی ہوئی تھی


ویب ڈیسک June 29, 2022
بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر مقامی قیادت میں اختلافات سامنے آگئے۔

تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار نے ٹیپو سلطان تھانے میں اپنی جماعت ہی کے رکن صوبائی اسمبلی ملک شہزاد اعوان کے خلاف مقدمے کے لیے درخواست جمع کرادی۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر تحریک انصاف کی مقامی قیادت میں اختلافات میں شدت کے بعد پارٹی کے کراچی کے صدر بلال غفار اور رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔

واضح رہے کہ رکن اسمبلی ملک شہزاد اعوان گزشتہ روز بلال غفار کے گھر پہنچے تھے۔ دونوں کے درمیان بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر گرماگرمی بھی ہوئی تھی۔ ملک شہزاد اعوان نے ٹکٹوں کی تقسیم پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا جب کہ اس سے قبل بھی وہ پارٹی ٹکٹ کی تقسیم کے معاملے پر احتجاج ریکارڈ کراتے رہے ہیں۔

تازہ صورت حال کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔ جس کے بعد پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے تحریک انصاف ہی کے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان کے خلاف مقدمے کے لیے تھانے میں درخواست جمع کروائی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں