چھوٹی ٹیموں نے بھی بڑے خواب آنکھوں میں سجا لیے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 11 مارچ 2014
ڈھاکا: افغانی کپتان محمد نبی اور نیدرلینڈز کے قائد پیٹر بورین میڈیا سے تبادلہ خیال کر رہے ہیں، دونوں نے ورلڈ ٹوئنٹی20میں شاندار کھیل کا عزم ظاہر کیا ہے

ڈھاکا: افغانی کپتان محمد نبی اور نیدرلینڈز کے قائد پیٹر بورین میڈیا سے تبادلہ خیال کر رہے ہیں، دونوں نے ورلڈ ٹوئنٹی20میں شاندار کھیل کا عزم ظاہر کیا ہے

ڈھاکا: آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20میں شریک چھوٹی ٹیموں نے بڑے خواب آنکھوں میں سجا لیے،کوالیفائنگ مرحلے سے آگے نکل کر دنیائے کرکٹ کو حیران کرنے کی تڑپ نظر آنے لگی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی20میں حصہ لینے والی چھوٹی ٹیموں نیپال، ہانگ کانگ، زمبابوے، آئرلینڈاور افغانستان نے بلند عزائم کے ساتھ کوالیفائنگ مرحلہ عبور کرکے اپ سیٹ کے خواب دیکھنا شروع کردیے ہیں، ڈھاکا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیپال کے کپتان پارس کھاڈکا نے کہا کہ ایک دہائی کی محنت کے بعد حاصل ہونے والا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینگے، اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہیں، انھوں نے کہا کہ ہماری اچھی کارکردگی سے ملک میں کرکٹ کے فروغ کی نئی راہیں کھلیں گی،تمام کھلاڑیوں نے اس تاثرکو غلط ثابت کر دیاکہ نیپال صرف انڈر19سطح تک ہی پرفارم کرسکتا ہے، ہم اپنے کھیل کو مزید بلندی تک لے جانا چاہتے ہیں۔ ہانگ کانگ ٹیم کے قائد جیمی ایٹکنسن نے کہا کہ پہلی بار ایونٹ کا حصہ بننا ایک اعزاز ہے، مضبوط حریف بنگلہ دیش سمیت کسی بھی ٹیم کا کوئی خوف نہیں، پوری تیاری کے ساتھ ایونٹ میں شرکت کیلیے آئے ہیں،کسی قسم کا دباؤ محسوس کرنے کے بجائے حریفوں کیلیے پریشانی کا باعث بنیں گے، انھوں نے کہا کہ اگر ایسوسی ایٹ افغانستان کی ٹیم بنگلہ دیش کو شکست دے سکتی ہے تو ہم کیوں نہیں؟معیار میں فرق کی خلیج کم ہونا کرکٹ کیلیے خوش آئند بات ہے۔

ورلڈ کپ 2007 میں آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دینے والی زمبابوین ٹیم کے موجودہ کپتان برینڈن ٹیلر نے جیمی ایٹکنسن کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیموں کی کوالٹی میں زیادہ فرق نہ ہونے کی وجہ سے کسی بھی حریف کو آسان نہیں لیا جاسکتا، پاکستان سے ہوم سیریزکے بعد انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے والی ٹیم کے قائد نے دعویٰ کیا کہ ڈومیسٹک ایونٹس میں پریکٹس کے بل بوتے پر بھی ہر میچ میں سخت چیلنج ثابت ہونگے، کنڈیشنز ہمارے لیے نئی نہیں، کئی کھلاڑیوں کا انٹرنیشنل تجربہ بھی ہمارے کام آئے گا۔آئرش قائد ولیم پورٹر فیلڈ نے جارج ڈوکریل کو ٹرمپ کارڈ قرار دیا، انھوں نے کہا کہ اسپنر ماضی کی طرح اس بار بھی حریفوں کی ناک میں دم کرنے میں کامیاب ہوںگے،انھیں پال اسٹرلنگ کی معاونت بھی حاصل ہوگی، پورٹر فیلڈ نے کہا کہ ہم فیورٹ کے لیبل پر یقین نہیں رکھتے، برج الٹتے دیر نہیں لگتی،سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرینگے۔افغان کپتان محمد نبی نے کہا کہ ٹوئنٹی20 ہمارا پسندیدہ فارمیٹ ہے جسے ون ڈے کرکٹ پر ترجیح دیتے ہیں، ہمارے کھلاڑی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں، مثبت ذہن کے ساتھ اپنا قدرتی کھیل کا مظاہرہ کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔