بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کیلیے مزید امدادی سامان روانہ

ویب ڈیسک  اتوار 14 اگست 2022
فوٹو : ٹویٹر/این ڈی ایم اے

فوٹو : ٹویٹر/این ڈی ایم اے

 کوئٹہ: بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا گیا جس میں 200 اسکول خیمے بھی امدادی سامان کا حصہ ہیں۔

روانہ کی گئی تازہ کھیپ میں 60 ہزار افراد کے لیے ترپالیں، کمبل اور مچھر دانیاں روانہ کی گئیں، امدادی سامان میں 35 جنریٹرز اور 30 ڈی واٹرنگ پمپس بھی شامل ہیں۔

ریلیف سامان میں 5 ہزار راشن بیگز اور متاثرین کے لیے 3 ہزار واٹر جیری کین بھی شامل ہیں۔ سعودی ریلیف کی جانب سے بلوچستان متاثرین کے لیے فراہم کردہ ایک ہزار راشن بیگز بھی روانہ کیے گئے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے بلوچستان کے لیے 13 اگست تک فراہم شدہ ریلیف سامان کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے،  سب سے زیادہ امدادی سامان بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں پہنچایا گیا۔

اعداد وشمار کے مطابق اب تک 39 ہزار افراد کے لیے راشن بیگز مہیا کیے گئے، 45 ہزار سے زائد متاثرین کے لیے خیمے پہنچائے گئے، 6 ہزار ترپالیں، 7 ہزار مچھر دانیاں، 3ہزار سے زائد کمبل مہیا کیے گئے، 55 ڈی واٹرنگ پمپس اور 50 جنریٹر بھی بھجوائے گئے۔

دیگر امدادی سامان میں کچن سیٹ، حفظانِ صحت کٹس اور کیمیکل اسپرے مشینز بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔