پنجاب؛ آئندہ 4 روز تک بارشوں کی پیشگوئی، محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 ستمبر 2022
مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں میں اتوار کو داخل ہوگا (فوٹو فائل)

مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں میں اتوار کو داخل ہوگا (فوٹو فائل)

 لاہور: پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ 4 روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: پاکستان میں بارشوں سے سیلابی  صورتحال  مزید خراب ہوسکتی ہے، اقوام متحدہ

ایکسپریس نیوز کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں اتوار کو داخل ہو گا، جس کے باعث 14 ستمبر تک لاہور، راولپنڈی،گوجرانوالہ،سرگودھا اور فیصل میں بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مری اٹک ،چکوال ،سیالکوٹ،نارووال، گجرات میں بارشوں کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ میانوالی، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاالدین اور جھنگ میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔جاری الرٹ کے مطابق 13 اور 14 ستمبر کے دوران بھکر،لیہ،ڈی جی خان اور مظفر گڑھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: دیہی سندھ کے اضلاع میں 11 سے 12 ستمبر کے دوران بارش کا امکان

پی ڈی ایم اے کے مطابق 14 ستمبر تک وقفے وقفے اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھنے کے ساتھ ضروری مشینری،  ڈی واٹرنگ سیٹ اور عملہ نکاسی آب کے لیے ہمہ وقت تیار رہے۔ ترجمان کے مطابق مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر کال بھی کی جا سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔