مضر صحت کیمیکلز کی مدد سے تیار کیا گیا 700 لیٹر دودھ پکڑا گیا، سپلائر گرفتار

افضال طالب  منگل 11 جولائی 2023
فوٹو اسکرین گریپ

فوٹو اسکرین گریپ

 لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کر کے کیمیکل سے تیار ہونے والا سیکڑوں لیٹر دودھ برآمد کر کے سپلائر کو حراست میں لے لیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کھڈیاں خاص میں ایک ڈیری پر چھاپہ کے دوران کیمیکلز سے بنا 700 لیٹر جعلی دودھ پکڑا گیا، جسے لاہور لے جانا تھا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر نے بتایا کہ چھاپے کے دوران سپلائر کو گرفتار کر کے اُس کے قبضے سے 25 کلو پاؤڈر، 16 کلو گھی، ممنوع کیمیکل بھی برآمد ہوا جسے تلف کردیا گیا جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دودھ سپلائی کرنے والی گاڑی اور مشینیں بھی ضبط کرلی گئیں۔

راجہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر 700 لیٹر تیار جعلی دودھ کو تلف کیا گیا، جعلی دودھ پاوڈر، پانی، ویجیٹیبل آئل اور کیمیکلز سے تیار کیا جا رہا تھا جس میں استعمال ہونے والے اجزا انسانی صحت کے لیے مضر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے، ناقص دودھ کا استعمال بچوں اور بڑوں کو پیٹ،معدہ اور آنتوں کی بیماریوں میں مبتلا کرتا ہے۔

راجہ جہانگیر نے کہا کہ خالص دودھ کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی طرز کی پالیسی لا رہے ہیں، ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اپنے ارد گرد جعلسازی کرنے والوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فیس بک پیج یا فری ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔