خاتون پاکستان کالج کے ریزیڈنٹ ڈائریکٹر کالجز کراچی کو عہدے سے ہٹادیا گیا

صفدر رضوی  بدھ 3 جنوری 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: حکومت سندھ نے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز کالج میں ریزیڈنٹ ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی پروفیسر سلیمان سیال کو عہدے سے ہٹا دیا ۔

پروفیسر سلیمان سیال کو  ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج کا پرنسپل تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج کے پرنسپل پروفیسر مصطفی کمال کا تبادلہ کرکے انھیں ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی مقرر کردیا گیا ہے، چیف سیکریٹری سندھ فخر عالم نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈی جی کالجز کراچی کی آسامی سے ہٹائے گئے افسر پروفیسر سلیمان سیال کے تبادلے کے معاملے کو خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز کالج میں سکونت اختیار کرنے اور نوٹس کے باوجود رہائش گاہ خالی نہ کرنے سے جوڑا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  اس معاملے پر سوشل میڈیا سمیت تمام ذرائع ابلاغ میں مسلسل خبریں شائع ہونے سے محکمہ کالج ایجوکیشن کی بدنامی ہورہی تھی جس کے سبب یہ اقدام کیا گیا ۔

واضح رہے کہ اس کالج میں مزید دو افسران کی بھی رہائش تھی جس میں سے ایک افسر عدالت چلے گئے جبکہ ایک ڈپٹی ڈائریکٹر تحریری طور پر اپنی رہائش سے دستبردار ہوگئے، ہٹائے گئے افسر نے بھی متعلقہ عدالتی معاملہ کا سہارا لے رکھا تھا۔

ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج کے پرنسپل پروفیسر مصطفی کمال کو ریجنل ڈائریکٹر کالجز مقرر کیا گیا ہے ان کے بارے میں عمومی رائے ہے کہ وہ بھی پروفیسر سلیمان سیال کے قابل اعتماد ساتھی ہیں اور حال ہی میں گریڈ 1 سے 4 تک کی گئی خلاف ضابطہ ترقیوں میں وہ پیش پیش تھے۔

ان ترقیوں میں 30 سیکنڈ کا ٹیسٹ لے کر امیدواروں کو کلیئر کیا گیا تھا اور مطلوبہ شرائط بالخصوص اس سلسلے میں لکھے گئے قواعد کو سامنے رکھے بغیر یہ ترقیاں دی گئیں جس کے سبب ان ترقیوں پر سوالات اٹھ رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔