لاہور میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تیز رفتار گاڑی نے اکلوتے بچے کو کچل ڈالا

نعمان شیخ  ہفتہ 4 مئ 2024
فوٹو اسکرین گریپ

فوٹو اسکرین گریپ

 لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) کے زیر استعمال قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تیز رفتار موبائل نے والدین کے اکلوتے بیٹے کو کچل دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ہربنس پوری میں سی ٹی ڈی کے تیز رفتار ڈالے (گاڑی) کی ٹکر سے گھر کے باہر کھیلتا ہوا 8 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور نے بچے کو کچلا اور پھر موقع سے فرار ہوگیا۔ والدین اکلوتے بیٹھے ریحان کی اچانک ناگہانی موت پر شدت غم سے نڈھال ہیں۔

ایکسپریس نیوز کو موصول ہونے والی واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے کو گاڑی کے نیچے روند کر ڈرائیور نے کچھ دیر کے لیے موبائل روکی اور پھر وہ وہاں سے فرار ہوگیا۔

اُدھر پولیس نے موبائل وین کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی کو قبضے میں لے لیا جبکہ بچے کے والد کی جانب سے قانونی کارروائی کے لیے درخواست بھی دی گئی ہے۔

ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا ہے کہ درخواست موصول ہوتے ہی قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔