جامعہ اردو میں طلبہ تنظیموں پر پابندی مسترد

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2024
وفاقی اردو یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں پر پابندی آئین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اِسلامی جمعیت طلبہ

وفاقی اردو یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں پر پابندی آئین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اِسلامی جمعیت طلبہ

  کراچی: اِسلامی جمعیت طلبہ نے وفاقی اردو یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں پر پابندی کو آئین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیکر مسترد کردیا۔

وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی میں طلبہ تنظیموں پر پابندی عائد کردی گئی۔ اردو یونیورسٹی کے قائم مقام رجسٹرار کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی میں تمام طلبہ تنظیموں پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔ طلبہ تنظیمیں کوئی بھی تدریسی و غیر تدریسی سرگرمی جامعہ کے حدود میں سرانجام نہیں دے سکتیں۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ اس دفتری حکم پر عمل نہ کرنے والے طلبہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے طلبہ کا داخلہ فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب اِسلامی جمعیت طلبہ نے اس پابندی کو مسترد کرتے ہوئے اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ قائم مقام رجسٹرار کی جانب کا اعلامیہ آئین پاکستان اور عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

جمعیت نے معاملے کی سنگینی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نامناسب اور طلباء دشمن عمل قرار دیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ جامعہ اردو کی انتظامیہ طلبہ مسائل کو حل کرنے کے بجائے ان پر پابندی لگا کر اپنی نااہلی کا سرعام اظہار کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔