نیب کی جانب سے سابق ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق والٹن ائرپورٹ لاہور کو بند کرکے کمرشل بنیاد پر زمین دینے کے معاملے پر سابق ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
نیب نے تحقیقات میں سابق ڈی جی خاقان مرتضیی سمیت سول ایوی ایشن کے دیگر افسران کو بھی شامل کرلیا ہے۔ اس حوالے سے خاقان مرتضیٰ سے تحقیقات کے لیے 13 سوالات تیار کیے گئے ہیں، جن میں والٹن ائرپورٹ لاہور کو بند کرکے کمرشل بنیاد پر دینے کے حوالے سے پوچھا گیا ہے۔
نیب لاہور نے تحقیقات کے لیے ائرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن سے مدد کے لیے بھی رابطہ کیا ہے، اس سلسلے میں نیب لاہور نے 13 سوالات پر مشتمل سوالنامہ ائر کرافٹس اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن کو بھی بھیج دیا ہے۔