جہانگیر ترین اور اسحاق خاکوانی ضمنی الیکشن لڑنے کی مخالفت کرتے رہے

سہیل چوہدری  اتوار 30 اگست 2015
لاہور:تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے ہیں ۔  فوٹو : این این آئی

لاہور:تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے ہیں ۔ فوٹو : این این آئی

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے پارٹی اجلاس میں جہانگیر ترین اور اسحاق خاکوانی ضمنی الیکشن لڑنے کی مخالفت کرتے رہے تاہم عمران خان نے مشاورت کے بعد ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔

عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس لاہور میں ہوا، اجلاس کی اندرونی کہانی کچھ یوں ہے کہ ایجنڈا کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کرنا تھا کہ موجودہ الیکشن کمیشن کے ممبران کی موجودگی میں این اے 154 اور این اے 122 کے ضمنی انتخاب میںحصہ لیا جائے یانہیں، اجلاس میںتحریک انصاف کے رہنماء دو حصوں میں تقسیم ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں این اے 154 میں ٹربیونل کے فیصلہ کے بعدفتح حاصل کرنیوالے جہانگیر ترین خودالیکشن میں حصہ نہ لینے کی بات کرتے رہے۔ ان کا موقف تھا کہ الیکشن سے قبل الیکشن کمیشن ممبران کے معاملہ کو حل کیا جائے اورجب تک ممبران مستعفی نہیں ہوتے تب تک ضمنی انتخاب لڑنا بے سود ہوگا۔ جہانگیر ترین کی طرح اسحاق خاکوانی اور فیصل جاوید خان بھی الیکشن میں حصہ نہ لینے کی بات پر زور دیتے رہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور چوہدری سرور نے موقف اختیار کیا کہ میدان چھوڑنا کسی صورت بھی درست نہیں، الیکشن کمیشن ممبران کا استعفیٰ بھی ضروری لیکن اگر ضمنی انتخاب کے دنگل میں حصہ نہ لیا گیا تو کارکنوں کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے خیر خواہوں کو بھی منفی پیغام جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔