ملالہ نے دہشتگردی کیخلاف قوم کو متحد کیا ہے،شاہی سید

اسٹاف رپورٹر  اتوار 11 نومبر 2012
یوم ملالہ منانے پر اقوام متحدہ سے اظہار تشکر اور ملالہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں. فوٹو: فائل

یوم ملالہ منانے پر اقوام متحدہ سے اظہار تشکر اور ملالہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں. فوٹو: فائل

کراچی: عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی علم کی روشنی کا نام ہے ۔

ملالہ قوم کی وہ بہادر بیٹی ہے جس نے نہ صرف دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا بلکہ دہشت گردی کے خلاف قوم کو متحد بھی کیا ، پوری دنیا کی طرف سے یوم ملالہ منانا خوش آئند ہے اور ملالہ واقعے کے بعد دہشت گردی سے نفرت اور امن کی اہمیت زور پکڑ گئی ہے، انھوں نے کہا کہ ملالہ نے ملک میں امن اور خوشحالی کی خواہاں قوتوں کو نئی اور مثبت سوچ دی ہے،جاری کردہ بیان میں اے این پی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے پختون دہشت گرد نہیں بلکہ پرامن قوم ہے جبکہ پارٹی کے عہدیداروں اور ورکروں کی شہادت اور ملالہ پر حملے کے واقعے کے بعد لوگوں کو امن کی اہمیت کا اندازہ ہو گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ امن کیلیے دی جانے والی قربانیاں نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں ، ہم دنیا بھر میں یوم ملالہ منانے کے اعلان پر اقوام متحدہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں وہ قوم کی بہادر بیٹی ہے جس نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا یہ ایک مثال ہے،ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور مذہب کے نام پر سیاست کرنیوالے ہی موجودہ دہشت گردی کے اصل ذمے دار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔