عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف نااہلی ریفرنس خارج

ویب ڈیسک  جمعرات 16 مارچ 2017
اسپیکر قومی اسمبلی نے بدنیتی پر مبنی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا، ترجمان تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

اسپیکر قومی اسمبلی نے بدنیتی پر مبنی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا، ترجمان تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اورسیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی ریفرنس خارج کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری اور محمد خان ڈاہا کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف دائر درخواستوں کو خارج کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے فیصلہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں کے خلاف ریفرنس ناقابل سماعت ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: نااہلی ریفرنس؛ الیکشن کمیشن نے عمران خان سے جواب طلب کرلیا

دوسری جانب چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میرے اور جہانگیر ترین کے خلاف چار ریفرنسز دائر کیے گئے، میں نے گزشتہ برس دسمبر کے پہلے ہفتے میں الیکشن کمیشن کو تمام جواب دے دیئے تھے اورمیں نے کہا تھا ایک بھی جھوٹ ثابت ہوگیا تو سیاست چھوڑ دوں گا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد سب کے سامنے واضح ہو گیا سچ کیا تھا اورکیس کیا تھا۔

 

ادھر تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے بدنیتی پر مبنی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا جو الیکشن کمیشن نے خارج کر دیا ہے اس لئے اسپیکر قومی اسمبلی کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج حق اور سچ کی فتح اور جھوٹ کی شکست ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن میں بھیجا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے تقریباً 6 ماہ تک کیس کی دو درجن سے زائد سماعتیں کیں۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔