آٹے کی قلت برقرار، دیگر اشیائے صرف بھی مہنگی ہوگئیں

ایکسپریس نیوز ڈیسک  منگل 15 جنوری 2013
پرائس کنٹرول تو ہے لیکن اس کے ملازمین گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

پرائس کنٹرول تو ہے لیکن اس کے ملازمین گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

بدین:  بدین ضلع بھر میں آٹے کی قلت برقرار، آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دیگر روزمرہ کی اشیاء سمیت سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

سروے کے مطابق بھنڈی فی کلو90 روپے، بینگن 30 سے بڑھ کر45 روپے، پالک 15 روپے سے بڑھ کر 30 ، ہری مرچ 30 روپے سے بڑھ کر 60 ، ٹماٹر اچھی کوالٹی کے 20 سے بڑھ کر 40 روپے، گوبھی 30 سے بڑھ کر 60 روپے کردی گئی ہے۔دوسری جانب دالوں، مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی 15 سے 20 فیصد کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔

اس سلسلے میں سبزیاں خریدنے والے صارفین نے بتایا کہ بدین میں جنگل کا قانون نافذ ہے، تاجروں کو عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کی کھلی چھٹی دی ہوئی ہے، پرائس کنٹرول تو ہے لیکن اس کے ملازمین گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے ہیں۔انھوں نے الزام عائد کیا کہ پرائس کنٹرول کے افسران تاجروں سے ماہانہ بھتہ لیکر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

انھوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پایا جائے اور ادارے کو فعال کرکے بلیک مارکیٹنگ میں ملوث تاجروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔