تحریک انصاف نے بھی فلم ’’مالک‘‘ پر پابندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 اپريل 2016
لاہور ہائیکورٹ میں درخواست تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے دائر کی۔

لاہور ہائیکورٹ میں درخواست تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے دائر کی۔

 لاہور: تحریک انصاف نے بھی وزارت اطلاعات كی جانب سے فلم مالك پر پابندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جو کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی طرف سے جمع کرائی گئی۔

تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے فلم ’’مالک‘‘ پر پابندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ اٹھارہویں ترمیم كے بعد وفاقی حكومت كو كسی فلم كی نمائش روكنے كا اختیار نہیں اس لیے وفاقی حكومت نے وفاقی قوانین كے تحت اختیارات سے تجاوز كرتے ہوئے فلم مالك كی نمائش پر پابندی كا نوٹیفكیشن جاری كیا ہے جو غیر قانونی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ فلم مالك میں پاكستان كی موجودہ صورتحال كی نشاندہی كی گئی ہے جس میں كرپشن اور لاقانونیت سرفہرست ہے جب کہ پاناما لیكس پر دباؤ میں  آنے كے بعد حكومت ایسی كسی فلم سے عوام كے متاثر ہونے سے خوفزدہ ہے۔ درخواست میں  استدعا كی گئی ہے كہ وزارت اطلاعات كی طرف سے فلم کی نمائش پر پابندی كا نوٹیفكیشن كالعدم كیا جائے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیكورٹ نے پہلے بھی اسی نوعیت كی درخواست پر نوٹس جاری كرتے ہوئے وفاقی حكومت سے جواب طلب كر ركھا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔