ٹرمپ کا چینی درآمدات پرمزید 200 ارب ڈالرکے محصولات عائد کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  منگل 19 جون 2018
چینی مصنوعات کی درآمدات پر 10 فیصداضافے کی شرح سے نیا ٹیکس عائد ہوگا، فوٹو:فائل

چینی مصنوعات کی درآمدات پر 10 فیصداضافے کی شرح سے نیا ٹیکس عائد ہوگا، فوٹو:فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی درآمدات پر مزید 200 ارب ڈالر کے محصولات عائد کرنے کا حکم جاری کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے چین کے ساتھ تجارتی جنگ کو مزید وسیع کرتے ہوئے تجارت کے سرکاری نمائندہ ادارے کو چینی مصنوعات کی درآمدات پر 10 فیصد اضافے کی شرح سے 200 ارب ڈالر کے محصولات عائد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ چین کا امریکی تجارتی جنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان

امریکی صدر نے حکم نامے میں کہا کہ چینی درآمداتی اشیا کی ایک فہرست مرتب کریں جن پر 200 ارب ڈالر مالیت کا اضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا، امریکی صدر کا دعویٰ ہے کہ چین حقوق دانش کی مسلسل خلاف ورزیوں کے سلسلے کو برقرار رکھے ہوئے ہے جس سے  امریکی روزگار کی منڈیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ امریکا و چین کی تجارتی محاذ آرائی پر آئی ایم ایف کی تشویش

واضح رہے چین نے اپنی اشیا پر50 ارب ڈالر کی محصولات عائد کرنے کے واشنگٹن کے اقدام کے جواب میں امریکی اشیا پر یکساں ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ چین کی جانب سے سخت ردعمل آنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے نیا حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ چین نے امریکی درآمدات پر محصولات عائد کیے تو بیجنگ کی درآمداتی اشیا پر مزید 200ارب ڈالر کے ٹیکس فوری طور پر عائد کردیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔