سکندر وہرہ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلیے تاجر سراپا احتجاج

بزنس رپورٹر  ہفتہ 8 جون 2013
جامعہ مارکیٹ الائنس ایسوسی ایشن کے تحت تاجر کے قتل اور بھتہ خوری کے خلاف مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

جامعہ مارکیٹ الائنس ایسوسی ایشن کے تحت تاجر کے قتل اور بھتہ خوری کے خلاف مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی:  عیدگاہ کلاتھ مارکیٹ کے جنرل سیکریٹری سکندر وہرہ کے قاتلوں کو اگر فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا اور ان کو قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو ہمارے احتجاج کا دائرہ پورے شہر تک پھیل جائے گا، آئندہ 24 گھنٹوں میں سکندر وہرہ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلیے اقدامات نہ ہوئے تو روزانہ ایک گھنٹے تک عیدگاہ کلاتھ مارکیٹ کے باہر ایم اے جناح روڈ پر علامتی دھرنا دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار جامعہ الائنس مارکیٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ محمد ارشاد نے سکندر وہرہ کے قتل کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،مظاہرے سے سرپرست اعلیٰ شیخ حاجی نورمحمد، ندیم شاہ، خالد نور، محمد سجاد، محمد اکرم اور دیگر نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر جامعہ الائنس میں شامل تمام مارکیٹس احتجاجاً بند کردی گئیں اور ایم اے جناح پر بعد نماز جمعہ دھرنا دیا گیا، اس موقع پر صدر سے ٹاور کی جانب جانے والا ٹریفک معطل ہوگیا اور اطراف کے علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

شیخ ارشاد نے کہا کہ کراچی میں تاجروں کیلیے دن بدن زمین تنگ کی جارہی ہے اور ایک سازش کے تحت کراچی کی معاشی سرگرمیوں کو بند کیا جارہا ہے، انھوں نے کہا کہ سکندر وہرہ کا قتل کراچی کی معیشت کا قتل ہے اور اگر ان کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا تو کراچی کی تاجر برادری کسی صورت خاموش نہیں بیٹھے گی، نئی حکومت کے حلف اٹھانے سے آج تک کراچی میں روزانہ درجنوں افراد کی ٹارگٹ کلنگ حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے، اس موقع پر دیگر مقررین نے کہا کہ سکندر وہرہ کے قاتلوں کی تاحال عدم گرفتاری کراچی پولیس اور امن و امان کی بحالی کے اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔