اسلام آباد اورراولپنڈی میں آندھی کے ساتھ طوفانی بارش، 7 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 1 جون 2016

 اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں آندھی کے ساتھ طوفانی بارش کے باعث حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے جب کہ بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کردیا گیا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں سے مکانات کی چھتیں اڑ گئیں جب کہ حادثات میں 2 بچیوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ شہر میں تیز ہواؤں سے سیونتھ ایونیو کے سامنے لگا بجلی کا کھمبا اور پولی کلینک اسپتال کی ایمرجنسی کے باہر درخت گر پڑا جب کہ دیگر مقامات پر سائن بورڈز اور درخت گاڑیوں پر گر گئے جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق مارگلہ ٹاؤن میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔

راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جس سے شہر بھر میں جل تھل ہو گیا، طوفانی بارش سے شہر کے مختلف مقامات پر درخت اور سائن بورڈز گرگئے جب کہ ڈھوک حسو کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پنڈی میں بارش اور موسم خراب ہونے سے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن اور شہر میں میٹرو بس سروس کو معطل کردیا گیا۔ اس کے علاوہ آندھی اور بارشوں سے جڑواں شہروں کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ ضلعی انتظامیہ نے طوفان کے نقصانات پر ہیلپ لائن بھی جاری کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔