الیکشن کمیشن کا شریف برادران سے اضافی پروٹوکول فوری واپس لینے کا حکم

ویب ڈیسک  جمعـء 12 اپريل 2013
میڈیا میں چلنے والی خبروں کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف کی حفاظت کے لیے پنجاب پولیس کی 54 گاڑیاں بھی استعمال کی جارہی ہیں ،الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

میڈیا میں چلنے والی خبروں کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف کی حفاظت کے لیے پنجاب پولیس کی 54 گاڑیاں بھی استعمال کی جارہی ہیں ،الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے  نواز شریف اور شہباز شریف سے اضافی پروٹوکول فوری طور پر واپس لینے کا حکم  دیاہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکریٹری پنجاب کو لکھے جانے والے خط میں 10 اپریل کو میڈیا میں چلنے والی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو غیر معمولی سیکیورٹی اور پروٹوکول دیا جارہا ہے جس کے لئے 761 پولیس اہلکار مامور ہیں جن میں پنجاب ایلیٹ فورس، لاہور پولیس سیکیورٹی ڈویژن، لاہور ڈسٹرکٹ پولیس اور پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ میڈیا میں چلنے والی خبروں کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف کی حفاظت کے لیے پنجاب پولیس کی 54 گاڑیاں بھی استعمال کی جارہی ہیں لہٰذا نواز شریف کو بطور سابق وزیر اعظم اور شہباز شریف کو بطور سابق وزیر اعلیٰ دی گئی سرکاری سیکیورٹی سے اضافی پروٹوکول فی الفور واپس لیا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن کے حکم پر سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا بھی اضافی پروٹوکول واپس لیا جا چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔