بلوچستان کے حالات ایسے نہیں کہ ہم سے سیکیورٹی واپس لی جائے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

ویب ڈیسک  اتوار 22 اپريل 2018
جب سے اقتدار سنبھالا ہے 15 سے 20 خودکش بمبار پکڑ چکے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان (فوٹو: فائل)

جب سے اقتدار سنبھالا ہے 15 سے 20 خودکش بمبار پکڑ چکے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان (فوٹو: فائل)

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے میں سیکیورٹی سے متعلق بہت سے خطرات موجود ہیں بلوچستان کے حالات ایسے نہیں کہ ہم سے سیکیورٹی واپس لی جائے۔

سریاب روڈ توسیعی منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میرعبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں جب کہ دشمن سی پیک اور ترقیاتی منصوبوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے لیکن عوام کے تعاون سے ترقی مخالفین کے عزائم ناکام بنائیں گے۔

وزیر اعلیٰ کا سیکیورٹی کے حوالے سے کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق حکم میں نرمی کے حوالے سے رجوع کریں گے کیوں کہ بلوچستان کے حالات اس طرح نہیں کہ ہم سب سے سیکیورٹی واپس لی جائے۔

عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ صوبے میں سیکیورٹی سے متعلق بہت سے خطرات موجود ہیں، جب سے ہم نے اقتدار سنبھالا ہے 15 سے 20 خودکش بمبار پکڑے ہیں کیوں کہ دہشت گرد دنیا میں بلوچستان کا تشخص خراب کرنا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔