کراچی سمیت سندھ اوربلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارش کا امکان

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جنوری 2019
پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو: فائل)

پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو: فائل)

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ اوراتوار کے درمیان کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ژوب، قلات اور مکران ڈویژن میں ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک بھر میں تیز ہواؤں اور بارشوں کی نوید سنائی ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز ملک میں نیا مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوجائے گا اور یہ سلسلہ اتوار کو ملک بھر میں پھیل جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے اور اتوار کے درمیان کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ژوب، قلات اور مکران ڈویژن میں ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے جب کہ اتوار سے بدھ کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن، ڈی آئی خان، بنوں، بالائی پنجاب، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی خان ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے، بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن، سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درمیانی سے شدید برفباری کا بھی امکان ہے۔ برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔