اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا بعض قوتیں نہیں چاہتیں پاکستان ایٹمی طاقت رہے،الطاف حسین

ایکسپریس ڈیسک  ہفتہ 27 جولائی 2013
شریف برادران کوپیغام دیدیں کہ میں انھیں اپنابھائی سمجھتاہوں،آئیے دلوں کوصاف کرکے نیاسفرشروع کریں اور ملک کوبحرانوں سے نکالیں  فوٹو: فائل

شریف برادران کوپیغام دیدیں کہ میں انھیں اپنابھائی سمجھتاہوں،آئیے دلوں کوصاف کرکے نیاسفرشروع کریں اور ملک کوبحرانوں سے نکالیں فوٹو: فائل

کراچی:  متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان کے تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ اختیارمیں رہتے ہوئے فرائض انجام دینے چاہئیں۔

تاکہ آمریت کادروازہ ہمیشہ کیلیے بندکردیاجائے اور پاکستان میں جمہوری کلچرفروغ پاسکے۔یہ بات انھوں نے جمعے کی شب اپنی رہائش گاہ نائن زیروعزیزآبادمیں مسلم لیگ(ن)کے نمائندہ وفد کے ارکان سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفدمیں مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنمااسحاق ڈار، صدارتی امیدوار ممنون حسین، سینیٹر پرویز رشید، ظفرجھگڑا، سلیم ضیااور نہال ہاشمی شامل تھے۔اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد ،ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرزڈاکٹرخالد مقبول صدیقی، انجینئر ناصرانجم ، رابطہ کمیٹی کے ارکان اور منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔الطاف حسین نے لیگی وفد کے ارکان کو اپنی رہائش گاہ پرخوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی بقاوسلامتی،ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبودکیلیے جو کچھ بھی ایم کیوایم اور مجھ سے ہوسکاہم ضرورکریں گے۔

میں ماضی کی تلخ باتوں کودل سے بھلاکر کہتاہوں کہ آپ میری جانب سے نوازشریف اورشہباز شریف کو پیغام دیدیں کہ میں انھیں اپنابھائی سمجھتا ہوں،ہمارے درمیان غلط فہمیاں ہوگئیں تھیں،الطاف حسین بھی انسان ہے کوئی فرشتہ نہیں،آئیے! ہم اپنے دلوں کوصاف کرکے ایک نئے سفرکاآغاز کریں اورآپس میں ملکرپاکستان کو معاشی ، اقتصادی بحرانوںسے نجات دلائیںاور بجلی ، گیس، پانی سمیت دیگر عوامی مسائل حل کریں۔الطاف حسین نے کہاکہ مسلم ممالک میں پاکستان واحدایٹمی طاقت ہے ، بعض بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان ایٹمی طاقت رہے۔

ان قوتوں کا منصوبہ ہے کہ کسی طرح پاکستان کوایٹمی قوت سے محروم کرکے نہتاکردیا جائے اورہمیں ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلیے اتحاد کامظاہرہ کرنا ہوگا۔انھوں نے مسلم لیگی رہنماؤں کو یقین دلایا کہ اس سازش کے خلاف الطاف حسین اور ایم کیوایم آپ کے ساتھ ہے،میری جان اللہ تعالیٰ، پاکستان اور میرے ساتھیوں کی امانت ہے اورآپ جس وقت مجھے بلائیں گے میں پاکستان آجاؤں گا،الطاف حسین نے کہاکہ ہمیں متحد ہوکر پاکستان کی معاشی اور امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔

اسکولوں اوراسپتالوں کا ظام بہتر کرنا ہے اورمل جل کر پاکستان کو لاحق کینسر سے بھی بڑی بیماری ’’کرپشن‘‘ کا خاتمہ کرنا ہے،ہرجماعت کے اپنے اپنے نظریات اور اپنی اپنی فلاسفی ہے ، سب کو اپنی اپنی جگہ کام کرنے دینا چاہیے تاکہ ملک میں جمہوری کلچر چلتا رہے اور آمریت کا دروازہ ہمیشہ کیلیے بند ہوسکے،پاکستان فوج، ایجنسیوں، غریب اورامیرسب کاہے لیکن پاکستان پر حق حکمرانی صرف عوام کی ہونی چاہیے،سب اپنی اپنی ذمے داریاں پوری کریں اورجن کاکام حکومت اور جمہوری نظام چلانا ہے انھیں ان کا کام کرنے دیاجائے،ہم غلطیاں کرکے اورگرگر کے انشااللہ چلناسیکھ جائیں گے اورجمہوریت کو مضبوط کرلیں گے ۔

الطاف حسین نے مسلم لیگی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ وزیراعظم صاحب کومیری طرف سے پیغام دیں کہ اختلافات ہر ملک میں ہوتے ہیں لیکن بالآخرملک ایک ہے،امریکا میں بھی بھیانک سول وارہوئی تھی لیکن جنگ کے اختتام پر سب نے مل جل کر کام کیااورامریکاکوایک سپرپاور بنا دیا،آج ہمارے ملک کوسنگین دہشت گردی کاسامناہے،ملک کے مختلف علاقوں سے لوگ لاپتہ ہورہے ہیں، ملک کے مختلف حصوں خصوصاًبلوچستان سے مسخ شدہ لاشیں مل رہی ہیں،یہ سلسلہ اب ختم ہوناچاہیے اورخواہ کوئی بھی اس کاذمے دارہو، اس کواس عمل کی قرارواقعی سزاملنی چاہیے،جج حضرات،قانون کی بالادستی کا حلف اٹھاتے ہیں،اگر حلف اٹھایاجائے توموت سے نہ گھبرائیںکیونکہ موت برحق ہے،دعاکریں کہ موت آئے توعزت سے آئے اوردم نکلتے وقت لبوں پرکلمہ طیبہ ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔