کرکٹ ورلڈکپ آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 5 وکٹیں حاصل کیں


ویب ڈیسک June 06, 2019
آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائل نے 92 اور اسٹیون اسمتھ نے 73 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ فوٹو: آئی سی سی

لاہور: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے دسویں میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی۔

ناٹنگھم میں کھیلے گئے کرکٹ ورلڈکپ کے دسویں میچ میں آسٹریلیا کی آدھی ٹیم 79 رنز پر آؤٹ ہوجانے کے باوجود آسٹریلیوی ٹیم 49 اوورز میں 288 رنز پر آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل اور ایون لیوس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم لیوس ایک ہی رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کرس گیل بھی 21 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

شائے ہوپ اور نکولس پورن نے 68 رنز کی شراکت قائم کی ، پورن 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور ہوپ نصف سنچری بنانے کے بعد 68 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، شمرون ہیٹمیئر 21، آندرے رسل 15 اور کارلوس بریتھ یوٹ 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

کپتان جیسن ہولڈر نے 51 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 5 اور پیٹ کمنز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ٹھیک ثابت ہوا اور صرف 38 رنز پر آسٹریلیا کے 4 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے کیا تاہم صرف 15 کے مجموعی اسکور پر ایرون فنچ 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، وارنر بھی صرف 3 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ ون ڈاؤن آنے والے عثمان خواجہ نے صرف 13 رنز بنائے اور آندرے رسل کی گیند پر ہوپ کو کیچ دے بیٹھے اور گلین میکسویل بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ مارکس اسٹوئنس نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین الیکس کیرے نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ ملکر 68 قیمتی رنز جوڑے، الیکس 45 رنز بنانے کے بعد رسل کا شکار بنے جب کہ اسمتھ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔

اسمتھ نے کولٹر نائل کے ساتھ ملکر 102 رنز کی انتہائی اہم شراکت قائم کی، اسمتھ 73 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تاہم کولٹر نائل نے 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 60 گیندوں پر 92 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کو اچھا ہدف دینے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس بریتھ ویٹ نے 3، آندرے رسل اور شیلڈن کوٹرل، اوشانے تھومس نے 2،2 جب کہ جیسن ہولڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں